رمزِ زندگی
Ramz E Zindagi
Shayar
Mauzu
Roz ka sher
Ramz
Meri pasand
Search
Home
›
Shayar
›
Mirza Ghalib
›
Masnavi
ہاں، دل درد مند زمزمہ ساز
Masnavi ·
Mirza Ghalib ·
مرزا غالب
· 30 sher
بہار
Bahar
حسن
Husn
خدا
Khuda
ہاں، دل درد مند زمزمہ ساز
کیوں نہ کھولے در خزینۂ راز
خامے کا صفحے پر رواں ہونا
شاخ گل کا ہے گل فشاں ہونا
مجھ سے کیا پوچھتا ہے کیا لکھیے؟
نکتہ ہائے خرد فزا لکھیے!
بارے، آموں کا کچھ بیاں ہو جائے
خامہ نخل رطب فشاں ہو جائے
آم کا کون مرد میدان ہے
ثمر و شاخ گوئے و چوگاں ہے
تاک کے جی میں کیوں رہے ارماں
آئے، یہ گوئے اور یہ میداں
آم کے آگے پیش جاوے جاوے خاک
پھوڑتا ہے جلے پھپھولے تاک
نہ چلا جب کسی طرح مقدور
بادۂ ناب بن گیا انگور
یہ بھی ناچار جی کا کھونا ہے
شرم سے پانی پانی ہونا ہے
مجھ سے پوچھو، تمھیں خبر کیا ہے!
آم کے آگے نیشکر کیا ہے!
نہ گل اس میں نہ شاخ و برگ، نہ بار برگ-بار
جب خزاں آئے تب ہو اس کی بہار مصرع
اور دوڑائیے قیاس کہاں
جان شیریں میں یہ مٹھاس کہاں
جان میں ہوتی گر یہ شیرینی
کوہ کن باوجود غمگینی
جان دینے میں اس کو یکتا جان
پر وہ یوں سہل دے نہ سکتا جان
نظر آتا ہے یوں مجھے یہ ثمر
کہ دوا خانۂ ازل میں، مگر
آتش گل پہ قند کا ہے قوام
شیرے کے تار کا ہے ریشہ نام
یا یہ ہو گا، کہ فرط رافت سے
باغبانوں نے باغ جنت سے
انگبیں کے، بہ حکم رب الناس
بھر کے بھیجے ہیں سر بہ مہر گلاس
یا لگا کر خضر نے شاخ نبات
مدتوں تک دیا ہے آب حیات
تب ہوا ہے ثمر فشاں یہ نخل
ہم کہاں ورنہ اور کہاں یہ نخل
تھا ترنج زر ایک خسرو پاس
رنگ کا زرد پر کہاں بو باس
آم کو دیکھتا اگر اک بار
پھینک دیتا طلائے دست افشار
رونق کار گاہ برگ و نوا
نازش دودمان آب و ہوا
رہرو راہ خلد کا توشہ
طوبی و سدرہ کا جگر گوشہ
صاحب شاخ و برگ شاخ-برگ و بار ہے آم
ناز پروردۂ بہار ہے آم
خاص وہ آم جو نہ ارزاں ہو
نو بر نخل باغ سلطاں ہو
وہ کہ ہے والیٔ ولایت عہد
عدل سے اس کے ہے حمایت عہد
فخر دیں، عز شان و جاہ جلال عز-جاہ-جلال
زینت طینت و جمال کمال
کار فرمائے دین و دولت و بخت
چہرہ آرائے تاج و مسند و تخت
سایہ اس کا ہما کا سایہ ہے
خلق پر وہ خدا کا سایہ ہے
Mirza Ghalib ka aur kalaam
Koi aur sher