رمزِ زندگی
Ramz E Zindagi
Shayar
Mauzu
Roz ka sher
Ramz
Meri pasand
Search
Home
›
Shayar
›
Mirza Ghalib
›
Qasida
دہر جز جلوۂ یکتائیٔ معشوق نہیں
Qasida ·
Mirza Ghalib ·
مرزا غالب
· 30 sher
حسن
Husn
دنیا
Duniya
خدا
Khuda
دہر جز جلوۂ یکتائیٔ معشوق نہیں
ہم کہاں ہوتے اگر حسن نہ ہوتا خود بیں
بے دلی ہائے تماشا کہ نہ عبرت ہے نہ ذوق
بے کسی ہائے تمنا کہ نہ دنیا ہے نہ دیں
ہرزہ ہے نغمۂ زیر و بم ہستی و عدم
لغو ہے آئینۂ فرق جنون و تمکیں
نقش معنی ہمہ خمیازۂ عرض صورت
سخن حق ہمہ پیمانۂ ذوق تحسیں
لاف دانش غلط و نفع عبارت معلوم!
درد یک ساغر غفلت ہے چہ دنیا و چہ دیں
مثل مضمون وفا باد بہ دست تسلیم
صورت نقش قدم خاک بہ فرق تمکیں
عشق بے ربطیٔ شیرازۂ اجزائے حواس
وصل، زنگار رخ آئینۂ حسن یقیں
کوہ کن، گرسنہ مزدور طرب گاہ رقیب
بے ستوں، آئینۂ خواب گران شیریں
کس نے دیکھا نفس اہل وفا آتش خیز
کس نے پایا اثر نالۂ دل ہائے حزیں!
سامع زمزمۂ اہل جہاں ہوں، لیکن
نہ سرو برگ ستائش، نہ دماغ نفریں
کس قدر ہرزہ سرا ہوں کہ عیاذا باللہ
یک قلم خارج آداب وقار و تمکیں
نقش لاحول لکھ اے خامۂ ہذیاں تحریر
یا علی عرض کر اے فطرت وسواس قریں
مظہر فیض فیض خدا، جان و دل ختم رسل
قبلۂ آل نبی، کعبۂ ایجاد یقیں
ہو وہ سرمایۂ ایجاد جہاں گرم خرام
ہر کف خاک ہے واں گردۂ تصویر زمیں
جلوہ پرداز ہو نقش قدم اس کا جس جا
وہ کف خاک ہے ناموس دو عالم کی امیں
نسبت نام سے اس کی ہے یہ رتبہ کہ رہے
ابدا پشت فلک خم شدۂ ناز زمیں
فیض خلق اس کا ہی شامل ہے کہ ہوتا ہے سدا سدا
بوئے گل سے نفس باد صبا عطر آگیں
برش تیغ کا اس کی ہے جہاں میں چرچا
قطع ہو جائے نہ سر رشتۂ ایجاد کہیں
کفر سوز اس کا وہ جلوہ ہے کہ جس سے ٹوٹے
رنگ عاشق کی طرح رونق بت خانۂ چیں
جاں پناہا! دل و جاں فیض رسانا! شاہا!
وصیٔ ختم رسل تو ہے بہ فتوائے یقیں
جسم اطہر کو ترے دوش پیمبر منبر
نام نامی کو ترے ناصیۂ عرش نگیں
کس سے ممکن ہے تری مدح بغیر از واجب
شعلۂ شمع مگر شمع پہ باندھے آئیں
آستاں پر ہے ترے جوہر آئینۂ سنگ
رقم بندگیٔ حضرت جبریل امیں
تیرے در کے لیے لیے اسباب نثار آمادہ
خاکیوں کو جو خدا نے دیے جان و دل و دیں
تیری مدحت کے لیے ہیں دل و جاں کام و زباں
تیری تسلیم کو ہیں لوح و قلم دست و جبیں
کس سے ہو سکتی ہے مداحیٔ ممدوح خدا
کس سے ہو سکتی ہے آرائش فردوس بریں!
جنس بازار معاصی اسد اللہ اسد
کہ سوا تیرے کوئی اس کا خریدار نہیں
شوخیٔ عرض مطالب میں ہے گستاخ طلب
ہے ترے حوصلۂ فضل پہ از بس کہ یقیں
دے دعا کو مری وہ مرتبۂ حسن قبول
کہ اجابت کہے ہر حرف پہ سو بار آمیں
غم شبیر سے ہو سینہ یہاں تک لب ریز
کہ رہیں خون جگر سے مری آنکھیں رنگیں
Mirza Ghalib ka aur kalaam
Koi aur sher