رمزِ زندگی
Ramz E Zindagi
Shayar
Mauzu
Roz ka sher
Ramz
Meri pasand
Search
Home
›
Shayar
›
Mirza Ghalib
›
Ghazal
وارستہ اس سے ہیں کہ محبت ہی کیوں نہ ہو
Ghazal ·
Mirza Ghalib ·
مرزا غالب
· 10 sher
عشق
Ishq
غم
Gham
شکوہ
Shikwa
وارستہ اس سے ہیں کہ محبت ہی کیوں نہ ہو
کیجے ہمارے ساتھ، عداوت ہی کیوں نہ ہو
چھوڑا نہ مجھ میں ضعف نے رنگ اختلاط کا
ہے دل پہ بار، نقش محبت ہی کیوں نہ ہو
ہے مجھ کو تجھ سے تذکرۂ غیر کا گلہ
ہر چند بر سبیل شکایت ہی کیوں نہ ہو
پیدا ہوئی ہے، کہتے ہیں، ہر درد کی دوا
یوں ہو تو چارۂ غم الفت ہی کیوں نہ ہو
ڈالا نہ بےکسی نے کسی سے معاملہ
اپنے سے کھینچتا ہوں خجالت ہی کیوں نہ ہو
ہے آدمی بجائے خود اک محشر خیال
ہم انجمن سمجھتے ہیں خلوت ہی کیوں نہ ہو
ہنگامۂ زبونیٔ ہمت ہے، انفعال
حاصل نہ کیجے دہر سے، عبرت ہی کیوں نہ ہو
وارستگی بہانۂ بیگانگی نہیں
اپنے سے کر، نہ غیر سے، وحشت ہی کیوں نہ ہو
مٹتا ہے فوت فرصت ہستی کا غم کوئی؟
عمر عزیز صرف عبادت ہی کیوں نہ ہو
اس فتنہ خو کے در سے اب اٹھتے نہیں اسد
اس میں ہمارے سر پہ قیامت ہی کیوں نہ ہو
Mirza Ghalib ka aur kalaam
Koi aur sher