رمزِ زندگی
Ramz E Zindagi
Shayar
Mauzu
Roz ka sher
Ramz
Meri pasand
Search
Home
›
Shayar
›
Mirza Ghalib
›
Ghazal
دیا ہے دل اگر اس کو، بشر ہے، کیا کہیے
Ghazal ·
Mirza Ghalib ·
مرزا غالب
· 9 sher
شکوہ
Shikwa
دوستی
Dosti
وفا
Wafa
دیا ہے دل اگر اس کو، بشر ہے، کیا کہیے
ہوا رقیب، تو ہو، نامہ بر ہے، کیا کہیے
یہ ضد کہ آج نہ آوے اور آئے بن نہ رہے
قضا سے شکوہ ہمیں کس قدر ہے، کیا کہیے!
رہے ہے یوں گہ و بے گہ، کہ کوئے دوست کو اب
اگر نہ کہیے کہ دشمن کا گھر ہے، کیا کہیے!
زہے کرشمہ کہ یوں دے رکھا ہے ہم کو فریب
کہ بن کہے ہی ہی انھیں سب خبر ہے، کیا کہیے
سمجھ کے کرتے ہیں، بازار میں وہ پرسش حال
کہ یہ کہے کہ، سر رہ گزر ہے، کیا کہیے؟
تمھیں نہیں ہے سر رشتۂ وفا کا خیال
ہمارے ہاتھ میں کچھ ہے، مگر ہے کیا؟ کہیے!
انہیں سوال پہ زعم جنوں ہے، کیوں لڑیئے
ہمیں جواب سے قطع نظر ہے، کیا کہیے؟
حسد، سزائے کمال سخن ہے، کیا کیجے
ستم، بہائے متاع ہنر ہے، کیا کہیے!
کہا ہے کس نے کہ غالب برا نہیں، لیکن
سوائے اس کے کہ آشفتہ سر ہے، کیا کہیے
Mirza Ghalib ka aur kalaam
Koi aur sher