رمزِ زندگی
Ramz E Zindagi
Shayar
Mauzu
Roz ka sher
Ramz
Meri pasand
Search
Home
›
Shayar
›
Mirza Ghalib
›
Ghazal
کہوں کیا گرم جوشی مے کشی میں شعلہ رویاں کی
Ghazal ·
Mirza Ghalib ·
مرزا غالب
· 10 sher
رات
Raat
غم
Gham
مے
Mai-kada
کہوں کیا گرم جوشی مے کشی میں شعلہ رویاں کی
کہ شمع خانۂ دل، آتش مے سے فروزاں کی
شعر سیاہی جیسے گر جاوے دم تحریر کاغذ پر
مری قسمت میں یوں تصویر ہے شب ہائے ہجراں کی
بہ زلف مہ وشاں، رہتی ہے، شب بیدار، ظاہر ہے
زبان شانہ سے تعبیر صد خواب پریشاں کی
ہمیشہ مجھ کو طفلی میں بھی مشق تیرہ روزی تھی
سیاہی ہے مرے ایام میں، لوح دبستاں کی
دریغ! آہ سحر گہ کار باد صبح کرتی ہے
کہ ہوتی ہے زیادہ، سرد مہری شمع رویاں کی
مجھے اپنے جنوں کی، بے تکلف، پردہ داری تھی
ولیکن کیا کروں، آوے جو رسوائی گریباں کی
ہنر پیدا کیا ہے میں نے، حیرت آزمائی میں
کہ جوہر آئینے کا، ہر پلک ہے، چشم حیراں کی
خدایا، کس قدر اہل نظر نے خاک چھانی ہے!
کہ ہیں صد رخنہ، جوں غربال، دیواریں گلستاں کی
ہوا شرم تہی دستی سے وہ بھی سرنگوں آخر
بس، اے زخم جگر، اب دیکھ لی شورش نمک داں کی
بہ یاد گرمیٔ صحبت، بہ رنگ شعلہ دہکے ہے
چھپاؤں کیوں کہ غالب، سوزشیں داغ نمایاں کی
Mirza Ghalib ka aur kalaam
Koi aur sher