رمزِ زندگی
Ramz E Zindagi
Shayar
Mauzu
Roz ka sher
Ramz
Meri pasand
Search
Home
›
Shayar
›
Mirza Ghalib
›
Ghazal
عجب نشاط سے جلاد کے چلے ہیں ہم آگے
Ghazal ·
Mirza Ghalib ·
مرزا غالب
· 7 sher
عشق
Ishq
غم
Gham
دنیا
Duniya
عجب نشاط سے جلاد کے چلے ہیں ہم آگے
کہ اپنے سائے سے، سر پاؤں سے ہے دو قدم آگے
قضا نے تھا مجھے چاہا خراب بادۂ الفت
فقط خراب لکھا، بس نہ چل سکا قلم آگے
غم زمانہ نے جھاڑی نشاط عشق کی مستی
وگرنہ ہم بھی اٹھاتے تھے لذت الم آگے
خدا کے واسطے داد اس جنون شوق کی دینا
کہ اس کے در پہ پہنچتے ہیں نامہ بر سے ہم آگے
یہ عمر بھر جو پریشانیاں اٹھائی ہیں ہم نے
تمھارے آئیو، اے طرہ ہائے خم بہ خم آگے
دل و جگر میں پر افشاں جو ایک موجۂ خوں ہے
ہم اپنے زعم میں سمجھے ہوئے تھے اس کو دم آگے
قسم جنازے پہ آنے کی میرے کھاتے ہیں غالب
ہمیشہ کھاتے تھے جو میری جان کی قسم آگے
Mirza Ghalib ka aur kalaam
Koi aur sher